سعودی میں خاتون مداحوں کو فٹ بال میچ دیکھنے کی اجازت

ریاض15 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ویسٹرن سڈنی وانڈررز فٹ بال کلب کی خاتون شائقین اور حامیوں کو سعودی دارالحکومت ریاض میں شاہ فہد انٹرنیشنل فٹ بال اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔ یہ خاتون مداح آسٹریلیائی کلب کے ساتھ آئیں گی اور سعودی الہلال کلب کے خلاف یکم نومبر کو فائنل میچ دیکھیں گی۔ سعودی فٹبال فیڈریشن نے اس کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔ سعودی عریبیہ فٹ بال فیڈریشن کے ترجمان نے اعلان کرتے ہوئے کہاکہ آسٹریلیائی مداح خواتین کو اجازت دینا سعودی فٹ بال فیڈریشن کے دائرہ اختیار میں نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ایشین فٹ بال کانفیڈریشن جوکہ اس فائنل میچ کی آرگنائزر بھی ہے، اس نے فیصلہ کیا ہے کہ ان خاتون مداحوں کو آنے دیا جائے، اس لئے فیفا کے قواعد کے احترام کی سعودی فٹ بال فیڈریشن پابند ہے۔ ترجمان کے مطابق فیفا اور اے ایف سی کے تحت ہونے والا کوئی میچ ان کا مسئلہ ہے ، ہمیں ان کی طرف سے بنائے گئے قواعد و ضوابط کی پابندی کرنا ہوتی ہے۔ چونکہ فٹبال کی دونوں عالمی تنظیمیں خواتین کے میچ دیکھنے پر پابندی عاید نہیں کرتی ہیں اس لیے ترجمان نے کہا سعودی فٹ بال فیڈریشن نے بھی انہیں اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ خواتین اسٹیڈیم میں آکر فٹ بال میچ دیکھیں گی بلکہ اس سے پہلے بھی خواتین اس طرح کے میچ دیکھتی رہی ہیں۔