ٹوکیو۔29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )سعودی فٹبال آرگنائزیشن نے سعودی فٹبال ٹیم کو 2018ء کے دوران روس میں ہونے والے ورلڈ فٹبال کپ کے مقابلوں میں جیتنے کی تیاری شروع کردی ہے اوراس کیلئے ارجنٹینا کے ٹرینر خوان انتونیو پٹزی سے معاہدہ کر لیا۔ سعو دی فٹبال آرگنائزیشن کے سربراہ عادل بن محمد عزت اور ٹرینر پٹزی نے ٹوکیو میں معاہدے پر دستخط کر دئیے۔ 49 سالہ پٹزی اسپین کی ٹیم کے کھلاڑی رہے ہیں۔ متعدد اہم ٹیموں میں پیشہ ور کھلاڑی کے طور پر بھی کھیلتے رہے ہیں۔ ارجنٹیناکے ٹرینر نے ٹیموں کی تربیت کی مہم کا آغاز 2005ء میں کولن سنٹا کی ٹیم کی قیادت سے کیا تھا۔
۔10 سعودی کھلاڑیوں پر بھاری جرمانے
ریاض ۔29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) سعودی اسپورٹس آرگنائزیشن کی ڈسپلن کمیٹی نے 10کھلاڑیوں پر لاکھوں ریال کے جرمانے کردیئے۔ الفیصلی کلب پر10ہزار ریال کا جرمانہ اس بات پر لگایاگیا کہ اسکے کھلاڑی الفتح کے ساتھ میچ کے موقع پر گراونڈ میں تاخیر سے پہنچے تھے۔ طارق آل عبیہ کو 4 میچوں میں شرکت سے روکدیا گیا اور ریفری کے خلاف بدزبانی پر 20ہزار ریال کا جرمانہ کردیا گیا۔ اسماعیل مغربی کو 10 ہزار328 ریال کا جرمانہ لگایا گیا۔ عبدالرحمان الربو، عصام الجوفی، ماجدھزازی، عبداللہ آل عراف، شایع شراحیلی فواز القرنی، علی الزبیدی، ماجد الخیبری اورماجد النجرانی پربھی جرمانے لگائے گئے۔ انہیں جرمانے ادا کرنے کی مہلت بھی دیدی گئی۔