سعودی عرب:50 کروڑ ڈالرزمالیت کی منشیات ضبط

ریاض ، 10 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں حکام نے گزشتہ چھ ماہ میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران ایک ارب اسی کروڑ ریال (پچاس کروڑ ڈالرز) مالیت کی مختلف منشیات پکڑی ہیں۔ سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان میجر جنرل منصور الترکی نے کل ایک نیوز کانفرنس میں بتایا ہے ، ’’چھاپہ مار کارروائیوں میں برآمد کی گئی منشیات میں سوا سات کلو گرام غیر تیار ہیروئین ، پانچ کلو آٹھ سو چالیس گرام تیار شدہ ہیروئین ، سوا سو ٹن سے زیادہ حشیش اور دو کروڑ دس لاکھ سے زیادہ نشہ آور کیپسیول شامل ہیں‘‘۔ انھوں نے بتایا کہ گذشتہ چھ ماہ میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران گیارہ سو سے زیادہ مشتبہ افراد کو منشیات کی اسمگلنگ یا اس دھندے میں ملوث ہونے کے الزام میں پکڑا گیا ہے۔ان میں پینتیس مختلف ممالک کے 741 شہری شامل ہیں ۔ میجر جنرل منصورالترکی کا کہنا تھا کہ بعض چھاپہ مار کارروائیوں میں منشیات کے مشتبہ اسمگلروں کی ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں اور سکیورٹی فورسز کے 43 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ایک واقعے میں منشیات کے چار اسمگلر مارے گئے تھے۔ سعودی عرب میں اسمگل کرکے لائی جانے والی منشیات کی بھاری مقدار کویت ،متحدہ عرب امارات ،سوڈان اور لبنان کی مدد سے بیرون ملک ہی پکڑی گئی تھی جبکہ سخت کارروائی میں پچاس لاکھ ڈالرز مالیت کی نقد رقم بھی برآمد کی گئی تھی۔