ریاض ۔ 21 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے فرما نروا سلمان بن عبدالعزیز کے فرزند اور موجودہ وزیر دفاع پڑوسی ملک یمن میں باغیوں کے خلاف جنگ کی قیادت کر رہے ہیں۔ وہ اس کلیدی اور بااختیار عہدہ پر جنوری میں فائز ہوئے، اس کے چند ہفتوں بعد ہی ان پر بھاری ذمہ داری عائد ہوئی ہے کیونکہ سعودی عرب نے اپنی مسلح فوج یمن روانہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ پرنس محمد بن سلمان نوجوان اور بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ہیں، وہ سعودی عرب میں نئی نسل کی نمائندگی کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ شاہی عدالت کے سربراہ بھی ہیں اور ساتھ ہی ساتھ اپنے 79 سالہ والد کے خصوصی مشیر بھی ہیں۔ ایک مغربی سفارت کار نے کہا کہ وہ سعودی عرب کی انتہائی مضبوط شخصیت ہیں۔ ان کا اہم و کلیدی امور پر مکمل کنٹرول ہے ۔ عوامی خدمت کے شعبہ میں داخلہ سے قبل وہ ایک پروفیشنل اور تجارت میں سرگرم تھے۔