سعودی عرب کے مقابلے ہندوستانی لڑکوں کو 0-5 سے شکست

دمام میں انڈر ۔ 19 فٹبال چمپئین شپ کو الیفائرس ، آج یمن سے مقابلہ
دمام ۔ /5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اے ایف سی انڈر ۔ 19 چمپئین شپ کوالیفائرس کے گروپ ڈی افتتاحی میچ میں میزبان سعودی عرب نے ہندوستانی انڈر ۔ 19 فٹبال ٹیم کو 0-5 سے بدترین شکست دی ۔ ہندوستانی کھلاڑیوں نے سست روی کا مظاہرہ کیا جب میزبان سعودی ٹیم کو ابتداء میں چند اہم فائدے حاصل ہوئے جس کے نتیجہ میں ہندوستانی ٹیم پر دباؤ میں اضافہ ہوگیا جو اس کی چند نادانستہ غلطیوں کا سبب بنا ۔ دھیرج سنگھ نے ابتدا ء میں ایکشن کا مظاہرہ کیا ۔ انہوں نے 9 ویں منٹ میں سعودی عرب کے ایک حملہ کو ناکام بنادیا جس کے ایک منٹ بعد سعودی عرب کی ٹیم سبقت حاصل کرسکتی تھی لیکن عبداللہ الحمدان گیند کو گول میں تبدیل کرنے میں ناکام ہوگئے ۔ کھیل کے 15 ویں منٹ میں ہندوستان نے سعودی عرب کو تحفہ میں سبقت دی جب انور علی نے گیند کو عبداللہ الحمدان کے حوالہ کیا جنہوں نے کامیابی کے ساتھ گول بنالیا ۔ ہندوستانی کھلاڑی حریفوں کی سبقت ختم کرنے جوابی حملے کئے لیکن پرنس محمد بن فہد اسٹیڈیم پر سعودی ٹیم کی سخت دفاع نے ان کے حملوں کو ناکام بنادیا ۔ 26 ویں منٹ میں آشیش رائے نے راہول کے پی کے ساتھ گول بنانے کی کوشش کی لیکن وہ سعودی عرب کے کیپر کو پریشان کرنے میں ناکام ہوگئے ۔ میزبانوں نے ہندوستانی ٹیم پر دباؤ برقرار رکھا چنانچہ وہ گول بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے ۔ اس طرح پہلا نصف 1-0 پر ختم ہوا ۔ کھیل کے 50 ویں منٹ میں سعودی عرب نے ہندوستان پر اپنی سبقت دوگنی کرلی جب فیئرس البریکان نے ایک گول بناتے ہوئے اپنی ٹیم کے اسکور کو 2-0 تک پہونچادیا ۔ 75 ویں منٹ سعودی عرب کے الشھرانی نے ایک اور گول بنالیا۔ 81 ویں منٹ میں البریکان نے دوسرا گول بناتے ہوئے سعودی ٹیم کے اسکور کو 4-0 تک پہونچادیا اور 86 ویں منٹ میں ان کے ایک اور گول کے ساتھ ان کی ٹیم کا اسکور 5-0 تک پہونچ گیا ۔ ہندوستانی انڈر ۔ 19 ٹیم کا آئندہ /6 نومبر کو یمن سے اور /8 نومبر کو ترکمانستان سے مقابلہ ہوگا ۔