سعودی عرب کے عراق سے سفارتی تعلقات بحال

دبئی۔ 2 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کویت پر عراق کے 1991ء کے حملے کے بعد سعودی عرب اور عراق کے درمیان تعطل کا شکار ہونے والے سفارتی تعلقات بحال ہوگئے ہیں۔ ’العربیہ‘ کے مطابق دونوں عرب پڑوسی ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کو علاقائی اور عالمی سطح پر خوش آئند قرار دے کراس اقدام کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔ دونوں ملکوں کی قیادت نے بھی فیصلے کو سراہتے ہوئے بہتری کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔بغداد کے لیے سعودی عرب کے سفیر ثامر السبھان نے 30 دسمبر 2015ء سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ السبھان دونوں ملکوں کے درمیان پائے جانے والے اختلافات کو کم کرنے کیلئے بھرپور سفارتی مساعی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب عراق کی تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ یکساں مراسم برقرار رکھنے کا خوہاں ہے۔ دوسری جانب بغداد حکومت نے بھی سعودی عرب کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کو مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا موقع ملے گا۔