سعودی عرب کے ساتھ زیادہ طاقتور تعلقات کی توقع

جدہ۔ یکم؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ ہندوستان، سعودی عرب سے تمام شعبوں میں زیادہ قریبی دفاعی تعلقات اور تعاون کا منتظر ہے۔ شاہ سلمان کی نئی قیادت کے تحت جو گزشتہ ماہ تخت نشین ہوئے ہیں، ہندوستان کو توقع ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ تمام شعبوں خاص طور پر سرمایہ کاری کے شعبہ میں تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ شاہ عبداللہ مرحوم کے جنوری 2006ء میں تاریخی دورۂ نئی دہلی کے بعد باہمی تعلقات عروج کی نئی سطح پر پہنچ چکے ہیں۔ ہندوستان کے قونصل جنرل برائے جدہ بی ایس مبارک نے پی ٹی آئی سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم مشترکہ سرمایہ کاری پروگراموں کے منتظر ہیں اور چاہتے ہیں کہ سعودی سرمایہ کار، وزیراعظم نریندر مودی کی ’میک اِن انڈیا‘ پہل سے فائدہ اُٹھائیں۔

انھوں نے کہا کہ مودی ’اُس وقت کے ولیعہد شہزادہ‘ اور موجودہ شاہ سلمان سے جی 20 چوٹی کانفرنس برسبین کے موقع پر علیحدہ طور پر ملاقات کرچکے ہیں اور شاہ سلمان نے اتفاق کیا تھا کہ ہندوستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون میں اضافہ کیا جائے گا۔ قونصل جنرل نے کہا کہ وہ پُرامید ہیں کہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات نئے شاہ کی زیر قیادت ان کے پیشروؤں کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے مزید ترقی کریں گے اور سعودی عرب کی پالیسی میں کوئی بڑی تبدیلی پیدا نہیں ہوگی۔ سعودی عرب اور ہندوستان نے دفاعی تعاون اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کی یادداشت مفاہمت پر ایک سال قبل شہزادہ سلمان کے دورۂ نئی دہلی کے موقع پر دستخط کرچکے ہیں۔ مبارک نے کہا کہ ہندوستان کو سعودی عرب میں اقتدار کی بِلارکاوٹ اور تیز رفتار منتقلی پر خوشی ہے جو ملک عبداللہ کے گزشتہ ہفتہ انتقال کے بعد عمل میں آئی ہے۔ سعودی عرب، ہندوستان کو خام تیل فراہم کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔

سعودی عرب میں 30 لاکھ سے زیادہ ہندوستانی شہری برسرکار ہیں۔ اقتدار کی آسانی سے منتقلی ہندوستان کے لئے بھی خوشخبری ہے۔ 90 سالہ ملک عبداللہ 23 جنوری کو انتقال کرگئے۔ ان کے جانشین 79 سالہ سوتیلے بھائی شاہ سلمان ہیں۔ ہندوستان اور سعودی عرب بڑے تجارتی شراکت دار ہونے کے علاوہ سعودی عرب ہندوستان کا چوتھا سب سے بڑا شراکت دار ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت 29.90 بلین امریکی ڈالر مالیتی ہوچکی ہے۔ ہندوستان کو خام تیل کی منتقلی باہمی تجارت کا سب سے بڑا عنصر ہے۔ ہندوستان کی جملہ ضروریات کا تقریباً پانچواں حصہ سعودی خام تیل سے تکمیل پاتا ہے۔ جاریہ مالی سال (2014-15ء) کے دوران سعودی عرب ہندوستانی برآمدات کے لئے دُنیا بھر میں چوتھا سب سے بڑا بازار بن گیا ہے جہاں ہندوستان کی برآمدات کا 4.11 فیصد سے زیادہ حصہ برآمد کیا جاتا ہے۔