سعودی عرب کی امیج کو متاثر کرنے کی کوششیں مسترد: بحرین

دوبئی 26 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) بحرین نے آج کہا کہ وہ پڑوسی ملک سعودی عرب کے امیج کو متاثر کرنے کی کوششوں کو شدت سے مسترد کرتا ہے ۔ سعودی ولیعہد محمد بن سلمان کو صحافی جمال خشوگی کے قتل کے بعد سے تنقیدوں کا سامنا ہے ۔ محمد بن سلمان نے اتوار کو بحرین کا دورہ کیا تھا اور یہاں انہوں نے بحرین کے شاہ حماد سے اپنے علاقائی دورہ کے سلسلہ میں بات چیت کی تھی ۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بحرینی شاہ نے سعودی عرب کے امیج کو متاثر کرنے کی کوششوں کو یکسر مسترد کردیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب سلامتی ‘ حفاظت ‘ انصاف اور حقوق کا علمبردار ہے ۔ جمعرات کو محمد بن سلمان نے ابوظہبی کا دورہ کیا تھا ۔ یہ جمال خشوگی کے قتل کے بعد ان کا پہلا بیرونی دورہ تھا ۔ سعودی عرب کو جمال خشوگی کے قتل کے بعد سے عالمی سطح پر سخت تنقیدوں اور برہمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔