ماسکو۔15 جون(سیاست ڈاٹ کام) مصر اور یوروگوے کے درمیان ورلڈ کپ کے دوسرے مقابلہ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے انتہائی شاندار اور مسابقتی کھیل پیش کیا گیا حالانکہ مصر کو اس کے عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر محمد صلاح کی خدمات دستیاب نہیں تھیں۔ یوروگوے کیلئے فیصلہ کن گول 89 ویں منٹ میں جوس جمینس نے بنایا۔ مصر کیلئے تمام تر توجہ صلاح پر مرکوز تھی کیونکہ گذشتہ روز ٹیم انتظامیہ نے ان کے مکمل فٹ ہونے کے علاوہ پہلے مقابلہ میں شرکت کے متعلق امید ظاہر کی تھی لیکن مقابلہ کے آغاز پر صلاح کو آرام دیا گیا کیونکہ چمپئنس لیگ کے فائنل میں ریئل میڈرڈ کے خلاف وہ زخمی ہوئے تھے۔ قبل ازیں فیفا ورلڈ کپ کے افتتاحی مقابلے میں سعودی عرب کی ٹیم ناکام رہی جب میزبان ملک روس نے مقامی میدان اورعوام کے سہارے افتتاحی مقابلے میں 5-0 کی شاندار کامیابی حاصل کرلی ۔سعودی کھلاڑی گیند پر 60فیصد قبضے اور 25فری ککس کے باوجود ایک بھی گول نہیں بنا سکے جن کاکمزور دفاعی کھیل نمایاںرہا۔فاتح ٹیم کی جانب سے بارہویں منٹ میں لوری گازنسکی نے پہلا گول بنایا،ڈینس چیری شیف نے دو مرتبہ گیند کو جال میں ڈالا،آرٹم ڈیزیوبااور گولووین بھی اسکوررز میں شامل تھے ۔چھ سعودی حملے پسپاہوئے جس کے سبب گول اسکورنگ کا کھاتہ نہیں کھل سکا۔ فیفا ورلڈ کے افتتاحی میچ میں ماسکو کے لوزنیکی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا گروپ اے کا افتتاحی میچ ابتداء سے ہی روسی ٹیم کے ہاتھوں میں رہا جس کی جانب سے بارہویں منٹ میں لوری گازنسکی نے پہلا گول بنا کر اپنی ٹیم کو برتری دلادی۔مقامی ہونے کا فائڈہ اٹھانے والے روسی کھلاڑی میچ کے دوران پرجوش انداز سے کھیلتے نظر آئے جنہوں نے مضبوط دفاع کے ساتھ سعودی عرب کے کھلاڑیوں کو دبائو میں مبتلا رکھا۔کھیل کے ابتدائی 42منٹ میں محض ایک گول ہی اسکور کیا جا سکا تھا لیکن 43ویں منٹ میں ڈینس چیری شیف نے دوسرا گول بنا کر اپنی ٹیم کو کھیل پر پوری طرح حکمران کردیا۔پہلے ہاف میں روس کو 2-0 کی برتری حاصل تھی جس کو دوسرے ہاف میں اس وقت مزید تقویت ملی جب کھیل کے 71ویں منٹ میں آرٹم ڈیزیوبا نے تیسرا گول بنا کر سعودی ٹیم کے کھیل میں واپس آنے کے امکانات کو کم و بیش ختم کرڈالا۔ کھیل اپنے اختتامی لمحات میں داخل ہو چکا تھا تو سعودی عرب کے کمزور دفاع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایکسٹرا ٹائم میں ڈینس چیری شیف اور گولووین نے چارمنٹ میں مزید دوگول اسکور کر کے میزبان ٹیم کو 5-0 کے بھاری فرق سے کامیابی دلا دی جس کی درحقیقت کوئی امید نہیں کی جا رہی تھی۔ روسی کوچ اسٹینس لاف چرچی شوف کامیابی کے بعد پرجوش دکھائی دیئے جنہوں نے میدان سے باہر آنے والے روسی کھلاڑیوں سے مصافحہ کرنے سے قبل انہیں سلیوٹ بھی کیا۔اس میچ کو کافی سخت اور مقابلے سے بھرپور سمجھا جا رہا تھا لیکن سعودی عرب کی ٹیم بال پر 60 فیصد قبضے ،پچیس فری ککس اور دو کارنرز ملنے کے باوجود حریف ٹیم کی گول پوسٹ پر صرف چھ حملے کر سکی جس میں سے ایک بھی نشانہ پر نہیں تھاجسے آسانی سے پسپا کردیا گیا۔اس کے برعکس روسی ٹیم نے سعودی گول پوسٹ پر 13حملے کئے جن میں سے سات نشانہ پر تھے اور یہی وجہ ہے کہ پانچ گولز اسکور کئے گئے۔ مجموعی اعتبار سے کھیل صاف ستھرا تھا جس کے دوران دونوں ٹیموں کے ایک ،ایک کھلاڑی کو پیلا کارڈ دکھایا گیا تاہم سعودی عرب کی جانب سے دس فالز کے مقابلے میں روسی کھلاڑیوں نے 22 فالز کئے۔