مکہ معظمہ۔/26اگسٹ، ( سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب کو اس سال اکٹوبر کے حج سے تقریباً 32بلین ریال ( 8.5بلین ڈالر ) کی آمدنی ہوگی۔ ایک شائع شدہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس سال اقطاع عالم سے زائد از 30لاکھ مسلمان حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ مکہ چیمبر آف کامرس نے کہا کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کے سب سے کثیر سالانہ اجتماع میں گزشتہ سال کی بہ نسبت 3فیصد عازمین کا اضافہ ہوا ہے۔ یہ جائزہ رپورٹ مقدس شہر مکہ معظمہ کا سفر کرنے والے 1.98 ملین عازمین کی آمد کے اندازہ سے تیار کی گئی ہے ان میں 1.38ملین یا 70 فیصد عازمین سعودی عرب سے باہر ملکوں سے آنے والے شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق دیگر ملکوں سے آنے والے عازمین میں سے فی کس عازم 17,381 ریال ( 4,633 ڈالر ) خرچ کئے جاتے ہیں۔