سعودی عرب : کرپشن الزامات 23 افراد مالی تصفیہ کے بعد رہا

ریاض ۔ 27 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں کرپشن الزامات میں زیر حراست مزید 23 افراد کو حکومت کے ساتھ مالی تصفیہ کے بعد رہا کردیا گیا۔سعودی اخبار کے مطابق ان افراد کی رہائی گزشتہ دو دنوں کے دوران مالی تصفیے کے بعد عمل میں آئی تاہم ان کے نام ظاہر نہیں کئے گئے۔ آنے والے دنوں میں مزید افراد کو رہا کیے جانیکا امکان ہے۔رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ شہزادوں ، حکومتی عہدیدار اور کاروباری شخصیات سمیت زیر حراست 200سے زائد افراد کے معاملات جلد از جلد نمٹانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ کرپشن کے الزامات قبول کرنے والوں کو ناجائز طور پربنائے گئے اثاثوں کا کچھ حصہ ادا کرنے پر رہا کیا گیا، جبکہ الزامات سے انکار کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائیگی۔