ریاض، 26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب نے جمعرات کو کہا کہ اس کے دو بڑے تیل ٹینکروں پر ایرانی حمایت یافتہ یمن کے حوثی باغیوں کے حملے کے بعد باب المندب کے بحیرہ احمر کے سمندری راستہ سے جانے والے اپنے تمام جہازوں کی آمد رفت کو وہ عارضی طور پر بندکررہاہے ۔سعودی عرب کی توانائی وزارت کی جانب سے جاری بیان میں وزیر توانائی خالد الفلیح نے کہا حوثی باغیوں نے چہارشنبہ کی صبح بحیرہ احمر میں ہمارے دو بہت بڑے تیل ٹینکروں پر حملہ کیا تھا جس کی وجہ سے ایک ٹینکر کومعمولی نقصان پہنچا۔وزارت کے بیان میں کہا گیاکہ جب تک حالات صاف اور باب المندب کے راستے آمد رفت کے لئے محفوظ نہیں ہو جاتے ہیں تب تک سعودی عرب اپنے تمام تیل ٹینکروں کو براہ باب المندب جانے پر روک لگا رہا ہے۔