مکہ معظمہ۔25 جولائی (ایجنسیز) خادم الحرمین شریفین سعودی عرب کے شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے دنیا بھر کے علمائے اسلام پر زور دیا ہے کہ وہ نوجوانوں کو صحیح اسلامی اصولوں کی تعلیم دیں نیز انتہاپسندی و جنونیت سے گریز کیا جائے۔ مسلم عالمی لیگ (ایم ڈبلیو ایل) کے زیر اہتمام یہاں متحدہ بین الاقوامی کانفرنس میں خادم الحرمین شریفین کا پیام، مکہ معظمہ کے گورنر پرنس خالد الفیصل نے پڑھا۔ شاہ عبداللہ نے اپنے خطبہ میں کہا کہ مسلم ممالک میں تمام سرکاری اداروں اور اہل علم اصحاب کو چاہئے کہ وہ عوامی مسائل کا حل تلاش کریں تاکہ عوام کے حالات زندگی کو بہتر بنایا جاسکے۔ ’’مسلم دنیا کو درپیش چیلنج و مسائل‘‘ کے زیر عنوان منعقدہ تین روزہ کانفرنس سے سعودی عرب کے شاہ نے کہا کہ عالم اسلام میں پیدا کردہ موجودہ حالات دراصل مسلمانوں کے اتحاد کو درہم برہم کرنے کی ایک سازش ہیں۔ انہوں ن ے کہا کہ میانہ روی پر مبنی اسلامی اصولوں کے ذریعہ تمام مسائل حل کئے جاسکتے ہیں اور اسلامی اتحاد پیدا کرنے کے لئے عملی اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلوبلائزیشن کے ساتھ رونماء ہونے والی تبدیلیوں نے مملکت سعودی عرب کیلئے یہ ضرورت پیدا کی ہے کہ امت اسلامیہ کو دہشت گردی کی سمت راغب ہونے سے روکا جائے۔