ریاض 15جولائی(سیاست ڈاٹ کام)سعودی سکیورٹی حکام نے بتایا ہے کہ ہفتہ کو یمن کے حوثی ملیشیا کی جانب سے داغے گئے ایک میزائل کو فضا ہی میں تباہ کر دیا گیا ہے ۔ اس بیلسٹک میزائل کو سعودی دفاعی نظام سے یمنی سرحد کے اندر ہی ضائع کیا گیا۔ سعودی عرب کی قیادت میں قائم عسکری اتحاد کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا کہ بیلسٹک میزائل شمالی یمنی صوبے صعدہ سے داغا گیا تھا۔ اس میزائل کا ہدف سعودی شہر نجران تھا۔ ایران نواز حوثی ملیشیا پہلے بھی سعودی سرزمین کی جانب متعدد مرتبہ بیلسٹک میزائل داغ چکے ہیں۔ ان میزائلوں کی اکثریت کو سعودی دفاعی نظام نے فضا ہی ضائع کردیا تھا۔
یمن میں 6.2 شدت کا زلزلہ
سنگاپور 15 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) یمن میں اتوار کو زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ۔امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق ریکٹرا سکیل پر زلزلہ کی شدت 6.2 تھی۔ زلزلہ کی وجہ سے کسی بھی قسم کے جان و مال کے نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے ۔زلزلہ کا مرکز یمن کی عدن کی خلیج میں سوکوترا جزائر سے 213 کلومیٹر شمال مغرب میں رہا۔زلزلے کی وجہ سے سونامی سے متعلق کوئی وارننگ نہیں دی گئی ہے ۔