سعودی عرب میں 4 افراد کے سر قلم کردیئے گئے

ریاض ۔ 5  ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں آج مزید 4 افراد کے سر قلم کردیئے گئے جن میں ایک سعودی ، ایک پاکستانی اور دو ایتھوپیائی باشندے شامل ہیں۔ سزائے موت پر تعمیل کے خلاف انسانی حقوق گروپ نے تنقید کرتے ہوئے اس کو ’موت کی مہم قرار دیا ہے‘ ۔ سعودی عرب میں رواں سال کے دوران تاحال 114 افراد کے سر قلم کئے جاچکے ہیں جسکے مقابلہ گزشتہ سال 2014 ء میں 87 افراد کے سر قلم کئے گئے تھے۔ ایتھوپیا کے دو افراد ارگوی ولد حیلان مریم اور حادش ظل عالم کو اپنے ایک ہم وطن کو زد کوب اور اس کے سامان کے سرقہ کے جرم میں سزائے موت دی گئی تھی۔ یہ واقعہ جنوب مغربی صوبہ جیزان میں پیش آیا تھا۔ دوسرا واقعہ جدہ میں پیش آیا جہاں ایک پاکستانی شخص عصمت شریف کو اپنے جسم میں ہیروئن چھپاتے ہوئے اس ممنوعہ نشیلی شئے کی اسمگلنگ کا مرتکب پایا گیا تھا۔ سعودی شخص مشاشہ حارثی کو ایک تنازعہ میں دوسرے سعودی شہری کو گولی مار کر ہلاک کرنے کے جرم کا مرتکب پایا گیا تھا۔ 2015 ء کے دوران سعودی اور بیرونی افراد کو دی جانے والی سزائے موت کی تعداد میں 131 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔