سعودی عرب میں 33 مشتبہ دہشت گرد بشمول 9 امریکی گرفتار

ریاض۔31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی حکام نے گزشتہ چند روز کے دوران 33 مشتبہ دہشت گردوں کو حراست میں لے لیا ہے جن میں 9 امریکی شامل ہیں۔ سعودی گزٹ کی اطلاع کے مطابق 4 امریکی شہریوں کو پیر کے دن اور دیگر پانچ کو گزشتہ چار دن کے دوران گرفتار کیا گیا۔ ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی گئی کہ گرفتار شدگان میں 14 سعودی شہری ، 3 یمنی، 2 شامی ایک انڈونیشیائی، ایک فلپائنی ، ایک اماراتی، ایک قازقستانی شہری اور ایک فلسطینی شامل ہیں۔ تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ان مشتبہ دہشت گردوں میں کسی کا اسلامک اسٹیٹ گروپ سے تعلق ہے یا نہیں۔ جبکہ حالیہ دنوں میں اسلامک اسٹیٹ نے سکیوریٹی فورسس اور شیعہ مساجد کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ جمعہ کو بھی مشرقی صوبہ میں شیعہ مسجد پر خودکش حملہ کیا گیا جس میں چار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ سعودی گزٹ کے مطابق تقریباً 532 آئی ایس مشتبہ افراد سے پوچھ تاچھ جاری ہے جن پر سعودی عرب میں حملوں کے منصوبوں کا الزام ہے۔