ریاض ۔ 9مئی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں ہندوستانی مرچ پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ تیل کی دولت سے مالامال مملکت سعودی عرب ہندوستان سے تازہ ترکاری درآمد کرنے والا پانچواں بڑا ملک ہے لیکن ہندوستانی مرچ میں کیڑے مار ادویات کے بھاری اثرات کی وجہ بتاتے ہوئے درآمدات پر امتناع عائد کیا ہے۔ ہندوستانی ایمبیسی میں معتمد دوم برائے سیاسیات و تجارت سریندر بھگت نے کہا کہ ’’ہمیں 30 مئی سے ہندوستانی مرچ پر امتناع عائد کرنے سے متعلق سعودی وزارت زراعت کے فیصلہ سے مطلع کیا گیا ہے‘‘۔ انہوں نے پی ٹی آئی سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس مسئلہ کی یکسوئی کیلئے ہم سعودی حکام سے رابطہ میں ہیں۔
سعودی وزارت زراعت کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ہندوستان سے پہنچنے والی مرچ کے نمونے کے کیمیائی معائنہ کے دوران اس میں کیڑے مار ادویات کی بھاری سطح کی موجودگی کا پتہ چلنے کے بعد ہندوستانی مرچ کی درآمد پر امتناع عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سعودی وزارت زراعت نے ہندوستانی زرعی و ڈبہ بند غذائی اشیاء کے برآمدات کی فروغ سے متعلق اتھاریٹی کو مشاورتی نوٹ جاری کرنے کے بعد امتناع عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مشاورتی نوٹ میں کہا گیا ہیکہ ہندوستان سے درآمد کی جانے والی سبز مرچ کے کچھ نمونوں میں کیڑے مار ادویات کی بھاری سطح کی موجودگی کا پتہ چلا ہے۔ مشاورتی نوٹ میں کہا گیا ہیکہ ’’مقامی حکام کی توجہ اس بات پر مبذول کروائی جاتی ہیکہ ہندوستان سے پہنچنے والی بعض ترکاریوں کو روک لیا گیا ہے کیونکہ ان میں کیڑے مار ادویات کے اجزاء بھاری سطح میں پائے گئے۔ اگر یہی صورتحال رہیگی تو حکومت سعودی عرب مستقبل قریب میں کارروائی کرے گی‘‘۔