سعودی عرب میں ہندوستانی تاجروں کے دواخانوں کے قیام کا منصوبہ

دبئی۔ 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جدہ کے ایک ہندوستانی تاجر نے 200 بستروں کے ہسپتال سعودی عرب میں 20 کروڑ سعودی ریال کی لاگت سے قائم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ بعدازاں ان ہسپتالوں میں توسیع کی جائے گی اور بحرین میں بھی 150 بستر والا ایک ہسپتال قائم کیا جائے گا۔ وی محمد علی سعودی عرب میں گزشتہ 10 سال سے سرمایہ کاری کررہے ہیں، وہ پہلے غیرملکی ہیں جنہوں نے سعودی عرب کے جنرل انویسٹمنٹ اتھاریٹی سے مملکت سعودی عرب میں ہسپتال قائم کرنے کا لائسنس حاصل کیا ہے۔ وہ 100 بستر والے دو ہسپتال جدہ اور ریاض کے اضلاع میں غلافی اور بطحہ میں قائم کئے جائیں گے۔ مینیجنگ ڈائریکٹر جدہ نیشنل ہاسپٹل محمد علی نے کہا کہ وہ اراضی خرید چکے ہیں اور متعلقہ کارروائیوں کی بھی تکمیل کرچکے ہیں۔ آج انہیں وزارت اور بلدیہ سے منظوری بھی حاصل ہوچکی ہے اور وہ دو سال کے اندر کارروائی مکمل کرلیں گے۔