ریاض ۔25مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک 24سالہ ہندوستانی جو ایک ہفتہ قبل سعودی عرب پہنچا تھا ‘مکہ معظمہ میں اپنے کفیل کے فرزند کے ہاتھوں فائرنگ میں ہلاک ہوگیا ۔ کیرالا کا متوطن پی انس جو بحیثیت ڈرائیور ملازم تھا ‘ گولی کے کئی زخموں کی وجہ سے کل جانبر نہ ہوسکا ۔ مکہ پولیس کے ترجمان عاطی الخراشی نے کہا کہ 20سال سے کچھ زیادہ عمر والا حملہ آور نفسیاتی امراض کا شکار ہیں ۔ کیرالا کا متوطن 24سالہ انس ایک ہفتہ قبل خانگی ڈرائیور کے طور پر کام کرنے سعودی عرب پہنچا تھا ۔ وہ جمعہ کی رات طائف پہنچا ۔ کفیل کے خاندان سے ملاقات کے ساتھ اُسی رات مکہ معظمہ واپس ہوگیا ۔ اس کے بعد اُس کے قتل کا یہ بدبختانہ واقعہ پیش آیا ۔ عرب نیوز کی خبر کے بموجب نعش کنگ فیصل ہاسپٹل مکہ معظمہ منتقل کردی گئی ہے اور فائرنگ کرنے والے کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔