فرانسیسی شہریوں کے قتل کا شاخسانہ
ریاض 16 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب کی ایک خصوصی فوجداری عدالت نے چاڈ کے دو شہریوں کو سزائے موت سنائی ہے ۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے 2004 میں ایک فرانسیسی شہری کا قتل کردیا تھا ۔ سعودی پریس ایجنسی نے کل رات دیر گئے اطلاع دی کہ چاڈ کے دو یہ دو شہری دہشت گردوں کے اس گروپ میں شامل تھے جن میں 10 دوسرے مشرتبہ افراد بھی شامل ہیں۔ مشتبہ افراد کی فہرست میں سعودی اور یمنی باشندوں کے نام شامل ہیں۔ ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ 10 افراد کو چار تا 22 سال تک قید بامشقت کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔ان تمام افراد کا ایک تخریب کار گروپ سے تعلق بتایا گیا ہے ۔ جاریہ ہفتے ایک علیحدہ معاملہ میں عدالت نے دو سعودی شہریوں کو چار فرانسیسی شہریوں کے قتل کے الزام میں سزائے موت سنائی تھی ۔ یہ چاروں سعودی عرب میں مقیم تھے اور انہیں 2007 میں مقدس شہر مدینہ طیبہ جانے والی ایک سڑک پر سر عام گولی مار دی گئی تھی ۔