ریاض ، یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سعودی ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز، نائب وزیراعظم اور وزیردفاع نے پانچ بین الاقوامی اسکالروں کو اسلام،اسلامی تعلیمات، عربی زبان وادب، طب اور سائنس کے شعبوں میں نمایاں خدمات پر شاہ فیصل عالمی ایوارڈز سے نوازا ہے۔ ایوارڈز کی تقسیم کی رنگارنگ تقریب دارالحکومت ریاض میں منعقد ہوئی۔ سعودی عرب کے حال ہی مقررہ نائب ولی عہد شہزادہ مقرن بن عبدالعزیز نے اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں جن شخصیات کو شاہ فیصل عالمی ایوارڈز دیئے گئے ،ان میں سے 26 بعد میں نوبل انعام کے بھی حق دار ٹھہرے تھے۔انھوں نے تمام انعام یافتگان کو مبارک باد پیش کی۔
شاہ فیصل فاؤنڈیشن کے ایگزیکٹو صدر شہزادہ خالد الفیصل نے العربیہ نیوز چیانل کیلئے جاری کردہ ایک بیان میں سعودی مملکت اور خطے میں سائنسی ترقی کی حوصلہ افزائی کی اہمیت پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ قومیں اور لوگ ترقی کا نمونہ ہوتے ہیں، ملیشیائیں اور ان کی باہمی لڑائیاں اور تقسیم نہیں۔ بلند پایہ سوچ وفکر اور ثقافتی ترقی سے ہی آگے بڑھا جاسکتا ہے اور یہ عظیم اخلاقی اقدار اور اصول ہی ہیں،جن کی بدولت اس ملک، سعودی قوم اور سعودی افراد کی تعمیر ہوئی ہے۔ اس سال شاہ فیصل بین الاقوامی ایوارڈ برائے سائنس جرمن پروفیسر جرڈ فالٹنگس کو ریاضی میں ان کی نمایاں خدمات پر دیا گیا ہے۔
چینی پروفیسر یوک منگ ڈینس لو کو طب (میڈیسن) کے شعبے میں نمایاں کارکردگی پر اس ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ سعودی عرب کے سینئر اسلامی اسکالروں کی کونسل کے رکن پروفیسر عبدالوہاب ابراہیم ابو سلیمان کو اسلامی تعلیمات میں ان کی گراں قدر خدمات پر شاہ فیصل بین الاقوامی انعام عطا کیا گیا ہے۔ نائجیریا سے تعلق رکھنے والے احمد ابوبکر لیمو کو اسلام کیلئے ان کی خدمات کے اعتراف میں شاہ فیصل پرائز دیا گیا ہے اور عراق سے تعلق رکھنے والے علاوی البو صباح عربی زبان وادب کے شعبے میں نمایاں خدمات پر اس انعام کے حق دار ٹھہرے ہیں۔ واضح رہے کہ شاہ فیصل فاؤنڈیشن ہرسال ان پانچوں شعبوں میں نمایاں خدمات کی حامل شخصیات کو شہید شاہ فیصل کے نام سے منسوب اس بیش قیمت انعام اور ایوارڈ سے نوازتا ہے۔