ریاض ، 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مزید پانچ مریض جو ممکنہ طور پر ’سارس‘ سے متعلق مہلک ’مڈل ایسٹ ‘ وائرس میں مبتلا تھے، سلطنت میں فوت ہوگئے ہیں جبکہ اس بیماری سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 300 سے تجاوز کرگئی۔ وزارت نے جمعہ کو کہا کہ یہ اموات مختلف شہروں جیسے ریاض، جدہ اور مکہ معظمہ میں پتہ چلائے گئے مڈل ایسٹ رسپریٹری سِنڈورم (MERS) کے 14 نئے کیسوں میں پیش آئیں۔ دو دیگر اموات ایک روز قبل ہی درج کی گئی تھیں جبکہ سلطنت میں لگ بھگ روزانہ ہی انفکشن کی بڑھتی تعداد کی اطلاعات دی جاتی ہیں۔ وزارت کا کہنا ہے کہ سلطنت میں ستمبر 2012ء سے اس وائرس سے 92 افراد فوت ہوگئے اور 313 اس سے متاثر ہوئے ہیں۔نزلہ ، زقام، کھانسی ، بخار اور آخری شکل میں تنفس کے مسائل پیدا کرنے والا یہ عارضہ کا انتہائی متعدی اور موذی ہوتا ہے۔