ریاض۔4اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب میں ایک خاتون نیوز ریڈر نے عام روایات سے انحراف کرتے ہوئے ٹی وی پر خبریںسنائی ‘ جس کے ساتھ ہی عوامی برہمی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔ سرکاری نیوزچینل ’الاخباریہ‘ کے لندن میں واقع اسٹوڈیو سے یہ نیوز پیش کی گئی جس میں عام روایت کے برخلاف نیوز ریڈر سرپر ڈوپٹہ یا نقاب اوڑھے ہوئے نہیں تھی۔سعودی عرب میں خبروں کو پیش کرنے والی نیوز ریڈرس اسکارف کا خصوصی اہتمام کرتی ہیں اور یہ اس نوعیت کا پہلا واقعہ ہے جس میں نیوز ریڈر نے روایت سے انحراف کیاہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس واقعہ کے خلاف سوشل نٹ ورکنگ سائٹس پر تبصرے جاری ہیں جس میں سعودی عرب میں اس تبدیلی کی مذمت کی جارہی ہے ۔ ایک ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ ’ایسا معلوم ہوتاہے کہ سعودی عرب بھی مغربی تہذیب کا شکار ہورہا ہے‘ ۔ الاخباریہ جنوری 2004ء میں شروع کیا گیا اور پہلی مرتبہ اُس نے ایک ایسی نیوز ریڈر کو پیش کیا تھا جو اسکارف کے ساتھ لیکن مغربی طرز کا لبار پہنی ہوئی تھیں۔