سعودی عرب میں نامعلوم بندوق بردار کے ہاتھوں ڈنمارک کا شہری زخمی

ریاض ۔ 23نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سرکاری خبر رساں ادارہ نے اطلاع دی ہے کہ ایک بندوق بردار نے دارالحکومت ریاض میں ڈنمارک کے ایک شہری کو گولی مار کر زخمی کردیا ۔سعودی عرب کے سرکاری خبررساں ادارہ نے نامعلوم سعودی صیانتی عہدیدار کے حوالے سے کہا کہ یہ واقعہ کل دوپہر پیش آیا ۔ خبررساں ادارہ کے بموجب زخمی ڈنمارک کے شہری کی حالت مستحکم ہے اور پولیس عہدیدار تحقیقات کررہے ہیں ۔ تاہم خبر میں تفصیلات کا انکشاف نہیں کیا گیا ۔ احتیاطی اقدام کے طور پر امریکی سفارت خانہ برائے ریاض نے ارکان عملہ کو اُس علاقہ سے گریز کرنے کی ہدایت دی ہے جہاں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے ۔ سعودی عرب میں 10سال قبل القاعدہ کے حملوں میں سینکڑوں افراد بشمول غیرملکی شہری ہلاک ہوئے تھے ۔

اس کے بعد سے حالیہ برسوں میںکسی غیر ملکی شہری پر دہشت گرد حملہ نہیں کیا گیا ۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ ایک سعودی نژاد امریکی شہری جو دوہری شہریت رکھتا تھا اور امریکہ کا دفاعی کنٹراکٹر تھا اُس نے دو سابق امریکی ساتھیوں پر اکٹوبر میں فائرنگ کی تھی جس سے ایک شخص ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا تھا ۔ سعودی عرب مغرب کا دیرینہ حلیف ہے اور اُس کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ سعودی عرب کی سرزمین پر کسی غیر ملکی شہری کو حملہ کا نشانہ نہ بنایا جائے ۔