ریاض۔27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب نے دسمبر 2018ء میں الدرعیہ میں پہلی مرتبہ فارمولاای دوڑ کے مقابلے منعقد کروانے کا فیصلہ کرلیا۔ مملکت نے گاڑیوں کی انٹرنیشنل آرگنائزیشن کے ساتھ پے درپے کئی برس تک اپنے یہاں’’ فارمولا ای‘‘ مقابلے منعقد کرنے کا معاہدہ کیاہے۔ سعودی عرب مشرق وسطیٰ کا پہلا ملک ہے جو فارمولا ای کے مقابلے اپنے یہاں منعقد کررہا ہے۔ لاکھوں لوگ دنیا بھر میں اسے شوق سے دیکھتے ہیں۔سعودی نوجوانوں کی اچھی خاصی تعداد اس میں دلچسپی لیتی ہے۔ انکی عمریں 15سے 34 برس کے درمیان ہیں۔ یہ سعودی آبادی کا جملہ 39.4 فیصد ہیں۔ سعودی عرب نے ریاض علاقہ میں قائم کئے جانے والے القدیہ منصوبے کے تحت گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی ریس کے کئی مخصوص ٹریک تیار کرنے کا فیصلہ کیا۔ القدیہ میں 334 مربع کلو میٹر کا رقبہ مختص کردیا گیا ہے۔گاڑیوں کی دوڑ میں مرد حضرات ہی نہیں بلکہ خواتین بھی شریک ہونگی۔ اسیل الحمد فارمولا ون کے مقابلے میں فرانس ایوارڈ 24جو ن کو حاصل کرچکے ہیں۔ الدرعیہ میں جین ٹوگاڑیوں کے درمیان ریس کا پہلا مقابلہ بھی منعقد ہوگا۔ الدرعیہ فارمولا ای کے مقابلے دیکھنے کیلئے ہزاروں سیاحوں اور شائقین کی میزبانی کریگا۔مملکت نے فارمولا ای دوڑ کے مقابلے منعقد کرنے کا فیصلہ سعودی اور برادر و دوست ممالک کے شائقین کو تفریح کے مواقع فراہم کرنے کے جذبے سے کیا ہے۔ اس سے سعودی عرب کے کھیلوں کی دنیا میں تبدیلی کا بھی اظہار ہورہا ہے۔ اس مقابلے کی بدولت دنیا بھر کے کھلاڑیوں کے حلقوں میں مملکت کی حیثیت مضبوط ہوگی۔