سعودی عرب میں دو ملزمین بشمول ایک ہندوستانی کو سزائے موت

ریاض 23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں آج دو افراد کو قتل کے جرم میں سزائے موت دی گئی جن میں سے ایک مجرم کا تعلق ہندوستان سے تھا۔ وزارت داخلہ نے آج یہ اطلاع دی۔ سجاد انصاری نامی ایک چرواہے کو حالت نیند میں اپنے آجر کو ہتھوڑی کے ذریعہ ہلاک کرنے کا قصوروار ٹھہرایا گیا تھا جبکہ دوسرا مجرم سعودی شہری مطیر الرویدی کو اُس کی سابقہ بیوی اور اُس کے دو بچوں کو قتل کردینے کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔ مملکت کے شمالی علاقہ میں دو نوں مجرمین کی سزائے موت پر عمل آوری کی گئی اور اس طرح جاریہ سال اب تک سعودی عرب میں سزائے موت پانے والوں کی جملہ تعداد 65 ہوگئی۔ جبکہ 2015 ء کا چوتھا مہینہ ہی چل رہا ہے۔ دوسری طرف 2014 ء کا پورا سال گزرنے کے بعد بھی سزائے موت پانے والوں کی تعداد صرف 87 تک محدود رہی جس سے یہ ظاہر ہوگیا کہ سزائے موت پر عمل آوری کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ سعودی عرب میں منشیات کی اسمگلنگ، عصمت ریزی، قتل اور مسلح ڈکیتی کے ملزمین کو سزائے موت دی جاتی ہے جو ملک کے شرعی قوانین کے مطابق ہیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی 2014 ء کی گلوبہ رپورٹ میں سعودی عرب کو ایسا ملک قرار دیا گیا ہے جہاں دنیا میں سب سے زیادہ سزائے موت دی جاتی ہے۔