ریاض ۔ 8 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب کے شاہ عبداللہ کی مشاورتی کونسل نے چند شرائط کے ساتھ تجویز کیا ہے کہ خواتین کو موٹر کار چلانے کی اجازت دی جائے۔ اِن تجاویز کی حتمی منظوری کے بعد 30 برس سے زائد عمر کی خواتین کو کاریں چلانے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔ موٹر کار چلانے کے اوقات بھی مقرر کئے گئے ہیں۔ کار چلانے والی خواتین میک اپ کے بغیر اور سعودی عرب میں خواتین کے مقررہ لباس میں ہوں گی۔ شوریٰ کونسل نے یہ تجاویز اپنے ایک خفیہ اجلاس میں طے کی ہیں۔ خواتین ڈرائیونگ کیلئے ویمن ٹریفک پولیس کے قیام کو بھی شوریٰ کونسل نے تجویز کیا ہے۔ یہ تجاویز شاہ عبداللہ کی حتمی منظوری کے بعد نافذالعمل ہوں گی۔ سعودی عرب میں گزشتہ کئی برسوں میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دینے سے متعلق ’محدود ‘ مگر ’بے باکانہ‘ مظاہرے دیکھنے میں آئے ہیں۔