سعودی عرب میں خاتون انٹرپرینرس کو حکومت سے تعاون

نئی نسل کی صنعتی شعبوں میں رسائی ، نمائندہ سیاست کو ڈاکٹر رفاہ الخطیب کا انٹرویو
ایس ایم بلال
حیدرآباد۔/29نومبر۔سعودی عرب میں خاتون انٹر پرینورس کو حکومت کی جانب سے بھرپور تعاون اور مدد حاصل ہورہی ہے جس کے نتیجہ میں نئی نسل کی خواتین بھی صنعتی شعبہ میں تیزی سے شامل ہورہی ہیں۔ گلوبل انٹر پرینورس سمٹ میں سعودی عرب کے چار رکنی خواتین کے وفد نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر نمائندہ ’سیاست‘ کو دیئے گئے انٹرویو میں سعودی کی خاتون صنعت کار و لومی گروپ کی ریجنل ڈائرکٹر رفاہ الخطیب نے بتایا کہ سعودی عرب اسلامی مملکت ہونے کے باوجود بھی خاتون صنعت کاروں کو ترجیح دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاتون صنعت کاروں کیلئے ایسے پروگرامس کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے جس کے ذریعہ سینکڑوں مواقع حاصل ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خاتون صنعت کاروں کیلئے خصوصی ٹریننگ سنٹرس بھی قائم کئے گئے ہیں جس کے ذریعہ صنعتی شعبہ میں موجود مواقعوں سے آگہی کی جارہی ہے۔ رفاہ الخطیب نے کہا کہ سعودی عرب کی نئی نسل کی لڑکیاں بیرونی ممالک میں بھی اعلیٰ تعلیم حاصل کررہی ہیں اور اپنی تعلیمی صلاحیتوں اور تجربہ کی بنیاد پر انہیں حکومت کی جانب سے تعاون بھی حاصل ہورہا ہے۔ خاتون صنعت کاروں کیلئے حکومت کی جانب سے فراہم کردہ وسائل کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ عالمی سطح کی چوٹی کانفرنس سے خاتون صنعت کاروں کو دیگر ممالک کے صنعت کاروں سے تبادلہ خیال کا موقع فراہم ہوا ہے۔