سعودی عرب میں جاریہ سال 100 ویں شخص کا سر قلم

ریاض ۔ 15 جون (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب نے آج ایک شامی شہری کو منشیات کی غیرقانونی منتقلی اور ایک سعودی شہری کو جو قتل کا مجرم تھا، برسرعام سرقلم کرنے کی سزاء پر تعمیل کی۔ اس طرح جاریہ سال سعودی عرب میں سر قلم کئے جانے والے افراد کی تعداد 100 ہوگئی۔ 2014ء میں 87 افراد کا سر قلم کیا گیا تھا جبکہ 2015ء کے پہلے 6 مہینوں میں ہی تعداد اس سے زیادہ ہوچکی ہے۔ تاہم ایمنسٹی انٹرنیشنل کے بموجب سعودی عرب میں سر قلم کئے جانے کی اعظم ترین تعداد1995 ء میں ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ 192 افراد کو سزائے موت دی گئی تھی۔ آج ان افراد کا سر قلم کیا گیا ان میں شامی اسمعیل الاتام پر منشیات کی غیرقانونی اسمگلنگ کا الزام تھا۔ اس کا سر شمالی علاقہ جوف میں کیا گیا۔ دوسرا شخص سعودی شہری رامی الخالدی تھا جس پر سعودی شہری کے قتل کا الزام ثابت ہوچکا تھا۔ اس کا سر مغربی صوبہ طائف میں قلم کیا گیا۔