سعودی عرب میں تلگو داں افراد کی اسوسی ایشن کا قیام

دوبئی 5 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں مقیم تلگو بولنے والے ہندوستانیوں نے اپنی ایک تنظیم قائم کرلی ہے تاکہ آندھراپردیش کے ثقافتی ورثہ کو برقرار رکھا جاسکے اور اُس کا تحفظ کیا جاسکے۔ تلگو اسوسی ایشن آف جدہ آندھراپردیش بشمول رائلسیما اور تلنگانہ علاقہ کے تارکین وطن پر مشتمل ہے۔ یہ پہلی بار ہے جبکہ سعودی عرب میں آندھراپردیش کے تارکین وطن نے اسوسی ایشن قائم کی ہے۔
دوبئی میں شارجہ ۔ ہند گول میز کانفرنس
دوبئی 5 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) خلیجی امارات کو صف اول کا علاقائی تجارتی مرکز بنانے کی حکمت عملی کو فروغ دینے کے مقصد سے شارجہ سرمایہ کاری و ترقیاتی اتھارٹی شارجہ ۔ ہند گول میز کانفرنس کی جاریہ ماہ کے اواخر میں میزبانی کرے گی۔ اِس گول میز کانفرنس میں کئی ممتاز تاجر، سرمایہ کار اور ہندوستانی تاجر برادری کے اِس معاملہ سے دلچسپی رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔ گول میز کانفرنس 11 ڈسمبر کو منعقد ہوگی جس میں شیخہ بدور بنت سلطان القاسمی ، صدرنشین شارجہ سرمایہ کاری و ترقیاتی اتھارٹی اور کئی ممتاز تاجر ، سرمایہ کار اور دلچسپی رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔ اِس کا مقصد شارجہ کی متنوع سرمایہ کاری صلاحیت کو فروغ دینا ہے۔