ریاض۔30 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں ’’بلیو وہیل‘‘ ویڈیو گیم سے متاثر ایک 12 سالہ لڑکے نے گلے میں پھندا ڈال کر خود کشی کر لی۔ یہ واقعہ جمعرات کے روز ابہا شہر میں پیش آیا۔مذکورہ لڑکے کے کزن عبداللہ فہید نے بتایا کہ اُس کے ماموں کا بیٹا بلیو وہیل گیم کے چنگل میں پھنس کر اپنی جان گنوا بیٹھا جو بچوں کو کھیل کے دوران اگلے مرحلے میں منتقل ہونے کا چیلنج دیتا ہے۔ سعودی سکیورٹی حکام معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ انٹرنیٹ پر بلیو وہیل نامی گیم صارف کو 50 روز کے دوران چیلنج کرتا رہتا ہے اور حتمی چیلنج میں وہ کھیلنے والے سے خود کشی کا مطالبہ کرتا ہے۔یہ گیم صارف سے اس کی ذاتی معلومات کے علاوہ ایسی تصویر یا وڈیو بھی طلب کرتا ہے جو چیلنج کو قبول کر کے مشن پورا کرنے کا ثبوت دے سکے۔عبداللہ فہید کی جانب سے اپنے ماموں کے بیٹے کی خود کشی سے متعلق ٹوئیٹ سوشل میڈیا پر وسیع پیمانے پر پھیل گئی۔