سعودی عرب میں اذان اور تلاوت قرآن کے عالمی مقابلے کا اعلان

ریاض ۔ 24 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے زیراہتمام اذان اور حْسنِ تِلاوت قرآن کریم کے بین الاقوامی مقابلے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس مقابلے میں پوری مْسلم دنیا کے موذن اور قراء حضرات شرکت کرسکتے ہیں۔ مقابلہ جیتنے والے خوش نصیبوں میں ایک کروڑ 20 لاکھ ریال کے نقد انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔ امریکی کرنسی میں انعامی رقم کی مالیت 32 لاکھ ڈالرس سے زیادہ ہے۔ خیال رہے کہ سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی طرف سے جاریہ سال جنوری میں اس مقابلے کا اعلان کیا گیا تھا۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق تفریحی ادارے کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے حسن تلاوت واذان مقابلے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کامقصد پوری دنیا میں تلاوت کلام پاک کے کلچر کوعام کرنا ہے کیونکہ قرآن پاک اپنے صوتی حسن، اپنے معنوی اور روحانی اثرات اور سامع پر پڑنے والے اثرات کی وجہ سے اپنی امتیازی خصوصیت رکھتا ہے۔