جدہ۔ 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں تازہ طوفانی بارشوں اور آندھی کے نتیجہ میں دو الگ الگ واقعات کے دوران ایک معتمر جاں بحق اور کم سے کم چھ زخمی ہوگئے۔مسجد حرام کے قریب تیز ہوا کے باعث ہوٹل کی کھڑکی ٹوٹ کرنیچے آگری جس کے نتیجے میں وہاں موجود چھ عازمین عمرہ زخمی ہوگئے۔ مکہ مکرمہ میں خراب موسم کے باعث تین گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں ایک معتمر جاں بحق ہوگیا۔ گاڑیوں کے تصادم کا واقعہ مکہ مکرمہ میں الشرائع کالونی میں پیش آیا۔ سعودی ہلال احمر کے ترجمان عبدالعزیز بادومان کا کہنا ہے کہ ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ایک معتمر شدید زخمی ہوگیا جو دواخانہ لے جاتے ہوئے زخموں سے جانبر نہ ہوسکا ۔