سعودی عرب: مذہبی پولیس کیلئے چھ ممنوعات کا اعلان

ریاض، 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں امر بالمعروف و نہی عن المنکر نامی مذہبی پولیس کے اہلکاروں کو مشتبہ افراد کا پیچھا اور جاسوسی کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ امر بالمعروف و نہی عن المنکر کمیشن کے سربراہ شیخ عبدالعزیز نے اپنے عملے کو خبردار کیا ہے کہ وہ کوئی ایسی کارروائی نہ کریں جو ’مذہبی انتہا پسندی یا جنونیت‘ کی مظہر ہو۔ شیخ عبدالعزیز نے اس امر کا اظہار ریاض کے گورنر شہزادہ ترکی بن عبداللہ کے دورۂ کمیشن کے موقع پر عملے کے ارکان سے خطاب کے دوران کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہلکاروں کیلئے چھ چیزیں ممنوعات میں شامل ہیں، ان ممنوعات میں جاسوسی کرنا، انتہا پسندانہ انداز اختیار کرنا، مذہبی جنونیت کا ارتکاب، آمرانہ انداز اختیار کرنا، لوگوں کو دھمکانا اور شبہ کی بنیاد پر لوگوں کا تعاقب کرنا شامل ہیں۔

سعودیہ میں آثار قدیمہ کو نقصان پہنچانے پر سزا مقرر
ریاض، 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب نے ملک کے تاریخی اور ثقافتی مراکز کے تحفظ کیلئے ایک نئے مسودہ قانون کی منظوری دی ہے جس کے تحت تاریخی مقامات کی توڑ پھوڑ میں ملوث شخص کو ایک سال قید اور 10 ہزار سے ایک لاکھ ریال تک جرمانہ یا بہ یک وقت دونوں سزائیں دی جا سکیں گی۔ نئے مسودہ قانون کی منظوری ولی عہد اور نائب وزیر اعظم شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرصدارت کابینہ کے ہفتہ وار اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس میں ملک بھر میں موجود تاریخی، تہذیبی اور ثقافتی مراکز کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام کا بھی فیصلہ کیا گیا۔