سعودی عرب :عالمی سرمایہ کاری کانفرنس کی ویب سائٹ ہیک

ریاض،23اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کی عالمی سرمایہ کاری کانفرنس کی ویب سائٹ ہیک کرلی گئی تھی جسے کچھ دیر بعد بحال کرلیا گیا۔سعودی عرب کی عالمی سرمایہ کاری کانفرنس کی ویب سائٹ ہیکرز نے ہیک کرلی اور اس پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی تصویر لگا دی اور تصویر کے ذریعے الزام عائد کیا گیا کہ صحافی جمال خشوگی کے قتل میں محمد بن سلمان ملوث ہیں تاہم کچھ دیر بعد حکام نے ویب سائٹ بحال کرالی۔واضح رہے ریاض میں عالمی سرمایہ کاری کانفرنس میں دنیا بھر سے ممتاز کاروباری شخصیات، سرمایہ کار، بڑی کاروباری کمپنیوں اور ہائی ٹیک انڈسٹری کے نمائندگان شرکت کررہے ہیں۔تاہم کچھ کمپنیوں اور کاروباری شخصیات نے شرکت نہ کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔