سعودی عرب سے 7ہندوستانی شہریوں کی واپسی

دبئی۔29ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے 7ورکرس کو ویزا قواعد کی خلاف ورزی پر سعودی عرب سے واپس بھیج دیا گیا ہے ۔عرب نیوز کی اطلاع کے مطابق بعض ورکرس نے دانستہ طور پر ویزا قواعد کی خلاف ورزی کی ہے جب کہ دیگر کو اُن کے کفیل نے دھوکہ دیا ہے ‘ انہیں ابھا حراستی مرکز سے رہا کرنے کے بعد ملک بھیج دیا گیا ۔ ہندوستانی سماجی کارکن اشرف کوٹیچل نے بتایا کہ اس سنٹر میں جملہ 22ہندوستانی شہری موجود ہیں جن میں سے صرف 7واپسی کے اہل ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ دیگر 15ورکرس کو الگ نوعیت کے الزامات کا سامنا ہے اور انہیں ملک چھوڑنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے محمد شمس الدین نے کہا کہ ملک واپسی پر وہ کافی خوش ہیں ‘ انہیں بیحد مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔

وہ پاسپورٹ دکھانے کیلئے لیبر کورٹ جارہے تھے اور آخر کار کفیل نے یہ پاسپورٹ حوالے کردیا لیکن اس پر خروج لگا ہوا نہیں تھا ۔ اچانک سیکیورٹی عملہ وہاں پہنچ گیا اور انہیں حراست میں لیکر اس سنٹر میں منتقل کردیا ‘ وہ تقریباً 55دن سے یہیں ہیں ۔ ایک اور ہریانہ کے شہری ارشد خان نے کہا کہ ہندوستان واپسی کیلئے انہوں نے کفیل کو دو ہزار ریال کی رقم دی لیکن انہیں بھی حراستی مرکز منتقل کردیا گیا تھا ۔