دبئی۔ 7 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے کینیڈا کے سفیر کو ملک چھوڑنے کے حکم کے بعد دونوں ممالک میں مزید کشیدگی بڑھ گئی ہے اور سعودی ایئر لائن نے ٹورونٹو کیلئے تمام پروازیں معطل کر دی ہیں۔سعودی ایر لائن کی جانب سے یہ قدم ایسے وقت میں اٹھایا ہے جب سعودی عرب نے کینیڈا پر ملک کے داخلی معاملات میں ’مداخلت‘ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کینیڈا کے سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا جبکہ کینیڈا میں تعینات سعودی سفیر کو بھی واپس بلا لیا۔سعودی ایئرلائن کے مطابق کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کیلئے اس کی پروازیں 13 اگست سے بند ہوجائیں گی۔تاہم کینیڈا نے جواب میں کہا ہے کہ کینیڈا انسانی حقوق کیلئے آواز بلند کرتا رہے گا۔سعودی حکام نے اعلان کیا ہے کہ کینیڈا میں تمام سکالر شپ، تربیتی اور فیلو شپ پروگرام معطل کیے جا رہے ہیں اور یہ پروگرام کسی اور ملک میں منتقل کیے جائیں گے۔