سعودی عرب سے ملازماؤں کے گروپ کی ہندوستان واپسی

ریاض۔/13 اپریل(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ملازماؤں کا ایک گروپ جنہیں گزشتہ 9 ماہ سے تنخواہ نہیں دی گئی ، ہندوستانی سفارت خانے کی مصالحتی کوشش کے بعد آخر کار ملک واپس ہورہا ہے ۔ 11 کے منجملہ 10ملازماؤں پر مشتمل گروپ جس کا تعلق کیرالا سے ہے ، وہ آئندہ ہفتہ ہندوستان واپس ہوجائے گا ۔ عرب نیوز کے مطابق کنٹراکٹ پر خدمات حاصل کرنے والی ایک کمپنی نے ریاض کے ہاسپٹل میں صفائی کے کام کیلئے ان ملازماؤں کی خدمات حاصل کی تھی ۔ تاہم انہیں گزشتہ 9 ماہ سے تنخواہ ادا نہیں کی گئی جس پر ان ورکرس نے سفارت خانے سے مدد کی درخواست کی ۔ انڈین کمیونٹی ویلفیر فنڈ کے ذریعہ ان ورکرس کے ٹکٹ کا انتظام کیا جارہا ہے ۔ ہندوستانی سفارتخانے نے کنٹراکٹ کرنے والی کمپنی کے ساتھ مصالحتی بات چیت کی اور یہ کامیاب رہی ۔