سعودی عرب سے السیسی کی تائید نہ کرنے کا مطالبہ :القرضاوی

دوحہ ۔ 28 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) قطر کے ایک عالم دین نے سعودی عرب سے مصر میں السیسی حکومت کی تائید سے دستبردار ہوجانے کا مطالبہ کیا۔ مصری نژاد قطر کے یوسف القرضاوی نے مصر کے فوجی حکام پر الزام عائد کیا کہ وہ منتخبہ اسلام پسند صدر کو معزول اور احتجاج کرنے والوں کو ہلاک کرنے کیلئے سعودی رقم کا استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ اسلام پسندوں کو اقتدار سے مشرق وسطی میں کئی خلیجی ممالک تشویش کا شکار تھے اور جب مصر میں فوج نے محمد مرسی کو بیدخل کیا تو ان سب نے راحت کی سانس لی۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ سعودی حکومت مخالف مرسی بغاوت کی تائید کرتے ہوئے کئی بلین ڈالر کی رقم خرچ کر رہی ہے۔

دشمن یہودی کو خوش کرنے مصرکی کوشش: حماس
غزہ پٹی ۔ 28 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) حماس نے مصر کے معزول صدر محمد مرسی پر اس کے ارکان کے ساتھ مل کر جیل توڑنے کے الزام اور مقدمہ چلانے کی مذمت کی۔ حماس کے ترجمان صلاح برداویل نے کہا کہ مصری عدلیہ کا حماس کے خلاف الزام غیر حقیقت پسندانہ اور غیر منطقی ہے۔ اس کا مقصد فلسطینی مزاحمت کو نقصان پہنچانا اور دشمن یہودیوں کو خوش کرنا ہے۔ انہوں نے محمد مرسی کے خلاف مقدمہ میں حماس کو منسوب کرنے کی سختی سے مذمت کی اور ان الزامات کو یکسر مسترد کردیا ۔