ریاض 4 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب میں آج کئی دہوں میں پہلی مرتبہ خواتین کیلئے ڈرائیونگ لائسنس کی اجرائی کا عمل شروع ہوا ہے ۔ سرکاری میڈیا نے یہ بات بتائی ۔ سرکاری سعودی پریس ایجنسی نے کہا کہ خواتین کے پہلے گروپ کو آج ان کا اولین سعودی ڈرائیونگ لائسنس حاصل ہوگیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ جنرل ڈائرکٹوریٹ آف ٹریفک نے بین الاقوامی ڈرائیونگ لائسنس کو جو مملکت میں تسلیم شدہ ہیں سعودی لائسنس سے تبدیل کرنا بھی شروع کردیا ہے ۔ یہ عمل ایسے وقت شروع ہوا ہے جب سعودی عرب نے خواتین کے گاڑیاں چلانے پر کئی دہوں سے عائد پابندی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ سعودی عرب دنیا کا واحد ملک تھا جہاں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت نہیں تھی ۔ خبر رساں ایجنسی کا کہنا تھا کہ حکام نے بین الاقوامی لائسنس کو سعودی لائسنس سے بھی بدلنے کا کام مملکت میں کئی مقامات پر شروع کیا ہے ۔ اس میں بھی خاتون درخواست گذاروں کو ایک پریکٹیکل ٹسٹ سے گذرنا ضروری ہے ۔ ابھی یہ واضح نہیں کیا گیا ہے کہ آج کتنی تعداد میں لائسنس جاری کئے گئے ۔ سعودی عرب میں ولیعہد محمد بن سلمان کی جانب سے کئی دور رس اثرات کے حامل اقدامات کا آغاز کیا گیا ہے جن میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دینا بھی شامل ہے ۔ محمد بن سلمان سعودی عرب کے قدامت پسند موقف کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے خواتین کے مردوں کے ساتھ اختلاط پر بھی عائد کچھ پابندیوں میں کمی کردی ہے ۔ تاہم سعودی عرب میں گذشتہ ہفتے اعلان کیا گیا تھا وہاں 17 افراد کو مملکت کی سکیوریٹی کیلئے خطرہ بننے پر گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ کچھ گوشوں نے اسے سیول کارکنوں کے خلاف کارروائی سے تعبیر کیا تھا ۔