سرمایہ کار بینکوں کیلئے بہترین مواقع : سٹی گروپ
دوبئی ۔30 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب میں منصوبہ بند طورپر خانگیانے کا عمل بشمول دنیا کی سب سے بڑی تیل کی کمپنی کے حصص کی فروخت سے یہ صاف ظاہر ہے کہ یہ ملک سب سے بڑی سرمایہ کاری کی منڈی بن رہا ہے ۔ سٹی گروپ کے مشرق وسطیٰ میں انویسٹمنٹ بینکنگ سربراہ عمر اقتدار نے کہاکہ سعودی عرب میں معیشت کو بہتر بنانے کی منصوبہ بندی ویژن 2030 ء کے ذریعہ یقینا سرمایہ کاری بنکوں کو انتہائی فائدہ مند بنایا جاسکتا ہے ۔ انھوں نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ سعودی عرب کی مارکٹ میں تیز رفتاری آئی ہے اور ہمارے لئے یہاں کافی اچھے مواقع ہیں۔ نائب ولیعہد محمد بن سلمان اس وقت عرب معیشت میں تیزی سے ہونے والی تبدیلیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور سعودی عرب نے ایک ایسا منصوبہ تیار کیا ہے جس میں تیل پر انحصار کو کم کیا جارہا ہے کیونکہ 2014 ء سے تیل کی قیمتیں مسلسل گراوٹ کا شکار ہیں۔ سعودی عرب نے یہاں کی سب سے بڑی تیل کی کمپنی کے حصص کو فروخت کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جس کی قدر دو ٹریلین ڈالر سے زائد ہے ۔ اس کے علاوہ حکومت نے معیشت کو بہتر بنانے کیلئے کئی منصوبے تیار کئے ہیں۔