رستوو آن ڈان۔19 جون (سیاست ڈاٹ کام) فٹ بال ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں میزبان روس کے خلاف پانچ گول کھانے کے بعد نفسیاتی دباؤ کا سامنا کرنے والی سعودی عرب کی ٹیم کل لوئیس سواریز ا سٹارر یوروگوے کے خلاف چیلنج مقابلے میں اپنے گزشتہ ریکارڈ کے بھروسے واپسی کیلئے زور لگائے گی۔گروپ اے کی دونوں ٹیمیں روستووآن ڈان میں ایک دوسرے سے کھیلیں گی جہاں یوروگوے بہتر کارکردگی کے ساتھ دوسری جیت کیلئے اترے گی۔اس سے پہلے اروگوے نے مصر کے خلاف سخت مقابلے میں 1۔0 کی جیت درج کی تھی۔اس میچ میں آخری وقت میں 89 ویں منٹ میں جوس گمینیز کے گول کی بدولت یوروگوے نے جیت اپنے نام کی تھی۔دلچسپ حقیقت یہ ہے کہ دو مرتبہ کی چمپئن یوروگوے نے کبھی بھی سعودی عرب کو شکست نہیں دی ہے ۔سعودی عرب نے 2002 میں یوروگوے سے دوستانہ میچ جیتا تھا جبکہ2014 میں ان کے درمیان دوستانہ میچ ڈرا رہا تھا۔سعودی عرب کا آغاز اگرچہ ورلڈ کپ میں مایوس کن رہا ہو لیکن اس کا پچھلا ریکارڈ جنوبی امریکی ٹیم کے خلاف راحت پہنچانے والا ہے اور وہ اسی کے بھروسے اگلے میچ میں اترے گی۔وہیں مصر کے خلاف یوروگوے کو مشکل سے کامیابی ملی ہے اور اس کے اسٹار کھلاڑی سواریزنے میچ میں تین مواقع گنوائے ۔گروپ اے کی پسندیدہ ٹیم یوروگوے اگرچہ سعودی عرب کے خلاف ٹورنمنٹ کی مسلسل دوسری کامیابی کے لئے پرعزم نظر آرہی ہے جو فیفا درجہ بندی میں67 ویں نمبر اور موجودہ عالمی کپ میں دوسری سب سے نچلی رینک کی ٹیم ہے ۔سعودی عرب مڈفیلڈر تاثر الجاسم نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ یوروگوے کی ٹیم سے میچ مشکل ہوگا جس کے پاس کئی بڑے کھلاڑی ہیں لیکن ہم بھی گزشتہ میچ کی غلطیوں کو پیچھے چھوڑکر واپسی کرنے اتریں گے ۔یوروگوے اگر دوسرا میچ جیت لیتا ہے تو وہ گروپ میں سب سے اوپر پہنچ جائے گا جس سے دوسرے راؤنڈ میں اس کے سامنے گروپ بی کی مشکل اسپین یا پرتگال کی ٹیموں سے مقابلہ ممکن ہے ۔یار رہے کہ رواں ورلڈ کپ کے افتتاحی مقابلے میں سعودی عرب کا مقابلہ میزبان روس سے تھا اور امید کی جارہی تھی کہ مسائل سے پریشان میزبان ٹیم کے خلاف سعودی کی ٹیم نہ صرف بہتر مظاہرہ کرے گی بلکہ کامیابی بھی حاصل کرے گی لیکن 5-0 کی شکست حیران کن رہی۔