سعودی عرب، ایران کیساتھ تعلقات کی بہتری کیلئے تیار

ریاض؍ تہران، 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب نے کہا ہے کہ وہ تعلقات میں بہتری کیلئے ایران کے ساتھ بات چیت کرنے پر تیار ہے۔ ذرائع کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ سعود الفیصل نے منگل کو یہاں دارالحکومت میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا ، ’’ایران ہمسایہ ملک ہے، اس کے ساتھ اچھے تعلقات اور ہم اس سے بات چیت کریں گے۔ اگر ہمارے درمیان کوئی اختلافات ہیں تو انھیں دونوں ممالک کے اطمینان کے مطابق طے کیا جا سکتا ہے‘‘۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے ایران خطے کو محفوظ بنانے کیلئے کوشش کا حصہ بنے گا۔ اس سے خطہ خوشحال ہوگا اور وہ خطے میں عدم استحکام کا سبب بننے والے مسئلے کا حصہ نہیں بنے گا۔ دریں اثناء ایران نے آج اپنے وزیر خارجہ کے دورۂ سعودی عرب کے منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہوئے زور دیا کہ برسہابرس کے تلخ روابط کے بعد باہمی تعلقات میں فروغ ہونا چاہئے۔ یہ دونوں ممالک شام کی خانہ جنگی اور بحرین میں عدم استحکام کے اثرات کے نتیجے میں ایک دوسرے کی مخالفت میں رہے ہیں۔

قطر بیرونی ورکرس کیلئے
اسپانسر سسٹم برخاست کردیگا
دوحہ ۔ 14 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام)قطر نے آج فیصلہ کیا ہے کہ بیرونی ورکرس کیلئے اس کے متنازعہ اسپانسرشپ سسٹم کو برخاست کردیا جائے۔ بیرونی ورکرس کے ساتھ کفیلوں کے برتاؤ پر بین الاقوامی تنقیدیں ہورہی تھی۔ قطر 2022 ء میں فٹبال ورلڈکپ کی میزبانی کرنے والا ہے ، کا کہنا ہے کہ وہ ایمپلائیمنٹ کنٹراکٹس پر نیا نظام قائم کرے گا۔ لیبر اصلاحات پیاکیج کے تحت بیرونی ورکرس خاص ایشیائی ورکرس کیلئے نیا پیاکیج بنایا جائے گا۔