ریاض ۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کا سرکاری ملکیتی پبلک انوسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف )ایک نئے معاہدے کے بعد اب دنیا کا طاقتور خودمختار فنڈ بن جائے گا۔برطانوی روزنامے فنانشیل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق آیندہ سال سعودی عرب کی تیل کمپنی آرامکو کے حصص کی فروخت سے اس سرمایہ کاری فنڈ کو بہت فائدہ پہنچے گا۔ توقع ہے کہ فنڈ کو سعودی آرامکو کے پانچ فی صد حصص کی فروخت سے ایک سو ارب ڈالرز کی رقم حاصل ہوگی۔حال ہی میں سوئس شہر ڈیووس میں منعقدہ عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر پی آئی ایف کے چیف ایگزیکٹو یاسرالرومیان نے بلیک راک اور بلیک اسٹون ایسے نجی گروپوں کے انتظامی افسروں سے ملاقاتیں کی تھیں اور ان سے سعودی عرب میں سرمایہ کاری کے حوالے سے گفتگو کی تھی۔گذشتہ سال یوبر نے اس فنڈ میں ساڑھے تین ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی تھی اورجاپان کے سافٹ بنک اور سعودی عرب کے پبلک سرمایہ کاری فنڈ میں 45 ڈالرز کی سرمایہ کاری کا ایک سمجھوتا طے پایا تھا اور انھوں نے 100 ارب ڈالرز مالیت کا ایک ٹیکنالوجی فنڈ شروع کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔ایک بنک کار کے تخمینے کے مطابق پی آئی ایف کے اثاثے آرامکو کی فروخت سے قبل 190 ارب ڈالرز سے بڑھ کر 500 ارب ڈالرز تک ہوسکتے ہیں۔اس کے علاوہ اعلیٰ تعلیم یافتہ اضافی عملے پر بھی سرمایہ کاری کی جارہی ہے۔پی آئی ایف 1971ء میں قائم کیا گیا تھا۔اب تک وہ 200 سرمایہ کاریاں کرچکا ہے اور یہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے قومی تبدیلی کے پروگرام وڑن 2030ء کا ایک اہم حصہ ہے۔اس فنڈ کے مستقبل کے منصوبوں کے تحت ٹیکنالوجی کمپنیاں قائم کی جائیں گی تا کہ نوجوان سعودیوں کو نجی شعبے کی جانب راغب کیا جاسکے۔ اس منصوبے کے تحت دارالحکومت الریاض کے مالیاتی کاروباری علاقے کو ایک آزاد تجارتی زون میں تبدیل کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔