ریاض۔ 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایک سینئر امریکی سفارت کار کا کہنا ہے کہ امریکہ، سعودی عرب کو تحفظ فراہم کرنے اپنے وعدہ کا پابند ہے اور یمن پر فضائی حملے کیلئے سعودی کی قیادت والی افواج کو ہتھیار فراہم کئے جارہے ہیں۔ دریں اثناء ڈپٹی سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلینکین نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن نے بھی سعودی عرب کے ساتھ اپنی انٹلیجنس کی معلومات کا تبادلہ شروع کردیا ہے جس کیلئے ایک مشترکہ کوآرڈینیشن و منصوبہ بندی سیل بھی قائم کیا گیا ہے جس کے ذریعہ تمام مہمات اور آپریشنس پر نظر رکھی جارہی ہے۔ سعودی عرب کے دارالخلافہ ریاض میں شاہی خاندان کے سینئر ارکان اور یمن کے صدر عابد منصور ہادی سے ملاقات کے بعد انہوں نے یہ بات ہی کیونکہ مسٹر منصور اپنے ملک میں حوثیوں کی پیشرفت کی وجہ سے سعودی عرب منتقل ہوگئے ہیں اور فی الحال یہاں عارضی پناہ حاصل کئے ہوئے ہیں۔ بلینکین کا یہ بھی کہنا ہے کہ یمن میں جاری جنگ اور بحران کی خاتمہ کے لئے امریکہ اور چھ خلیجی ممالک کی کوآپریشن کونسل (جی سی سی) سیاسی رائے شماری کروائے۔