ریاض۔ 4 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں خواتین کی کار ڈرائیونگ پر عائد امتناع کی برخاستگی کے بعد اس ملک کے ٹرانسپورٹ ادارہ نے کہا ہے کہ یہاں خواتین کو اب ٹیکسی اور سرکاری گاڑیاں چلانے کے مواقع بھی فراہم ہوگئے ہیں۔ سعودی عوامی ٹرانسپورٹ کمیشن کے سربراہ رمیہہ بن محمد الرمیہہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحتانوی (پرائمری) اسکولوں سے یونیورسٹی سطح تک طالبات کو لانے لے جانے والی بسیں اور دیگر گاڑیاں چلانے کیلئے سعودی خواتین کو ڈرائیونگ کی تربیت دی جائے گی۔ اس مقصد کیلئے خصوصی ٹریننگ پروگرام کئے جارہے ہیں۔ رمیہہ نے کہا کہ سعودی ڈرائیورس کیلئے روزگار کے مواقع میں اضافہ کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں جس کے مطابق سعودی خواتین کو عوامی ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک شعبہ میں ڈرائیوروں کی حیثیت سے روزگار فراہم کیا جائے گا۔ سعودی عرب نے گزشتہ ہفتہ اعلان کیا تھا کہ جون 2018ء سے خواتین کو گاڑی چلانے کی اجازت دی جائے گی۔