سعودی خاتون کی کار ڈرائیورنگ، شوہر پر جرمانہ

ریاض ۔ 21 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں خواتین کی کار ڈرائیونگ پر امتناع کے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آج ایک 23 سالہ خاتون نے اپنے شوہر کی کار چلائی۔ پولیس نے کار کو روک کر اس جوڑے کو اپنی حراست میں لے لیا اور بیوی کے جرم پر شوہر کے خلاف جرمانہ عائد کیا۔ سعودی گزٹ کے مطابق مشرقی صوبہ کے ضلع ختیف میں یہ خاتون جمعرات کو کار چلاتی ہوئی پکڑی گئی۔ پولیس نے اس جوڑے سے ایک عہد نامہ پر دستخط لے لیا اور انہیں پابند کیا گیا کہ وہ آئندہ اس جرم کا اعادہ نہیں کریں گے۔ بعدازاں جوڑے کو رہا کردیا گیا۔ سعودی خاتون کے 28 سالہ شوہر نے 900 ریال جرمانہ ادا کیا اس کے باوجود اس کی کار کو 7 دن کیلئے ضبط کرلیا گیا۔ خاتون کے خلاف بغیر لائسنس کار ڈرائیونگ پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ سعودی عرب میں خواتین کی کار ڈرائیونگ پر غیرمعلنہ امتناع عائد ہے جس کے باوجود وقفہ وقفہ سے اس قدامت پسند ملک میں سعودی خواتین کار ڈرائیونگ قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کار چلاتی رہی ہیں۔ اس قانون کے خلاف گذشتہ 6 ماہ سے سوشیل میڈیا پر مہم چلائی جارہی ہے۔ کار چلانے کے حقوق کیلئے ایک تحریک 2011ء کے وسط میں شروع کی گئی تھی لیکن ہنوز یہ قانون تبدیل نہیں ہوا ہے۔ خواتین کی جانب سے کار ڈرائیونگ قانون کی خلاف ورزیوں کے اکثر واقعات مشرقی صوبہ میں ہی پیش آئے ہیں جہاں ایسی خواتین کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔