سعودی خاتون کا شوہر کو بیش قیمت گاڑی کا تحفہ

’’خاوند کو دوسری شادی سے روکنے کیلئے 90 ہزار ریال دیئے‘‘

ریاض ۔ 24 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) مفاد پرستی کے حالیہ دور میں میاں بیوی کے درمیان مثالی محبت کی مثالیں بھی کم کم ملتی ہیں۔ لیکن سعودی عرب کی ایک خاتون نے اپنے شوہر کے ساتھ حقیقی رومانس کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے شادی کے سالگرہ پر ایک بیش قیمت کار تحفے میں دی ہے۔ ’العربیہ ‘کے مطابق سعودی عرب کے ضلع القریات کے علاقے جوف سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے حال ہی میں "Tahoe” کمپنی کی 2012 ماڈل کی ایک گراں قیمت کار خرید ی۔ پیشے کے اعتبار سے اسکول ٹیچر اس خاتون نے اپنے شوہر کو ’سرپرائز‘ دینے کے لئے کار اپنے گھر کے باہر کھڑی کی اور اسے گفٹ شیٹس میں پیک کردیا۔ اس کے بعد وہ اپنے شوہر کی آمد کا انتظار کرنے لگی۔ رپورٹ کے مطابق سعودی خاتون نے کار کی 90 ہزار ریال قیمت یک مشت ادا کر دی ہے۔رومانس کا ایسا ہی ایک واقعہ رواں سال سعودی عرب میں ایک دوسرے سعودی جوڑے کا بھی منظرعام پرآ چکا ہے۔

دوسرے واقعے میں ایک سعودی خاتون نے اپنے شوہر کو دوسری شادی سے روکنے کے لئے 90 ہزار ریال کی بھاری رقم دی تھی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک سعودی نوجوان کو اس کے دوستوں نے’’وٹس اپ‘‘ کے ذریعے دوسری شادی کرنے پر30 ہزار ریال کا تحفہ دینے کی پیشکش کی۔ شوہر کی اپنے دوستوں کے ساتھ ہونے والی گفتگو کا پتہ اس کی بیوی کو چل گیا جس پر اس نے شوہر کے دوستوں کی جانب سے مجوزہ رقم سے دو گنا زیادہ رقم دے کر اپنے شوہر کو شادی سے باز رکھا۔ نوے ہزار ریال کی رقم تحفہ میں دینے کے ساتھ ایک تختی بھی دی جس پر لکھا تھا کہ’’آپ کے لیے میں کافی ہوں‘‘۔بیگمات کے تحائف کے ان واقعات کا جو بھی مطلب لیا جائے تاہم یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ دونوں خواتین نے اپنے شوہروں کے دل ضرور جیت لئے ہیں۔