جدہ۔ 5؍جنوری (سیاست ڈاٹ کام)۔ ایک سعودی بوئنگ 767 جیٹ طیارہ نے مملکت کے مسلم مقدس شہر مدینۂ منورہ میں ایمرجنسی لینڈنگ کی جس کی وجہ سے 29 افراد زخمی ہوگئے۔ سعودی عرب ایرلائنس اور وزارت شہری ہوابازی نے کہا کہ سعودی طیارہ ایران کے دوسرے شہر مشہد جارہا تھا جس میں 315 افراد سوار تھے۔ شہری ہوابازی کی اتھاریٹی کے ترجمان خالد الخیبری نے کہا کہ 29 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 12 کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ 3 افراد کی حالت تشویشناک ہے، باقی افراد کا علاج ایرپورٹ پر ہی کیا گیا۔
رن وے 24 گھنٹوں کے لئے بند کردیا گیا۔ بوئنگ 767 جیٹ طیارہ لیز پر حاصل کیا گیا تھا اور زائرین کی پروازوں کے لئے استعمال کیا جارہا تھا۔ ایمرجنسی لینڈنگ کرنے والے طیارہ میں 299 مسافرین اور 16 ارکان عملہ تھے۔ خیبری نے کہا کہ عقبی دائیں بازو کا لینڈنگ گیر زمین پر نہیں ٹک سکا، جس کی وجہ سے کیپٹن کو ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی۔ آن لائن جو جھلکیاں شائع کی گئی ہیں، ان سے پتہ چلتا ہے کہ اس طیارہ کے پیچھے رن وے ایک طویل شعلہ نظر آرہا تھا جب کہ طیارہ بڑی مشکل سے رکنے میں کامیاب ہوا۔ قبل ازیں کہا گیا تھا کہ طیارہ میں 315 افراد سوار تھے، لیکن بعد ازاں وضاحت کی گئی کہ ان میں سے 16 ارکان عملہ تھے اور 299 مسافرین تھے۔