سعودیہ کی ’مزدور دوست‘ پالیسی کی عالمی سطح پر تحسین

ریاض۔ 25 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) مزدوروں کے حقوق کیلئے سرگرم عالمی ادارہ انٹرنیشنل لیبر آرگنائیزیشن (آئی ایل او) نے سعودی عرب کی مزدور دوست پالیسی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاض کی لیبر پالیسی کے نتیجے میں ملکی اور علاقائی ترقی کی رفتار تیز ہوئی ہے۔آئی ایل او کے ڈائرکٹر جنرل کائے رائیڈر نے سعودی خبر رساں ادارے ’’ایس پی اے‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’لیبر مارکیٹ کے حوالے سے سعودی حکومت کی مساعی قابل قدر ہے ۔ ریاض حکومت کی مزدوروں کے حوالے سے بہتر قانون سازی اور موثر منصوبوں نے ملکی اور علاقائی ترقی اور مارکیٹ کے استحکام میں اہم کردار ادا کیا ہے‘‘۔

قبل ازیں کائے رائیڈر نے ریاض میں علاقائی تاجروں کی دوسری سالانہ کانفرنس میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی وزارت لیبر کے اقدامات کے نتیجے میں نہ صرف روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوا بلکہ ترقی کی شرح بھی پہلے سے کئی گنا بہتر ہوئی ہے۔ نیز سعودی حکومت کی جانب سے نجی شعبے میں خواتین کیلئے کام کے مواقع پیدا کرنا بھی قابل تحسین اقدامات ہیں۔رائیڈر نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے مزدور پیشہ افراد کی اجرت کی کم سے کم حد مقرر کرنے اور کام کے اوقات کا تعین لیبر حقوق کے حوالے سے اہم ترین پیش رفت ہے۔